قطر کی حکومت کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ جارحیت کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کی مساعی جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اسلامی تحریک مزاحمت"حماس" کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس آج دوبارہ امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد سے ملاقات کررہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ"فیس بک" کے اپنے خصوصی صفحے پر پوٹ کیےگئے ایک بیان میں بتایا کہ امیرقطر اور فلسطینی رہ
نمائوں کے مابین ایک ملاقات جمعہ کو علی الصباح ہوئی تھی، جس میں غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی جارحیت روکنے پرغور کیا گیا۔ خالد مشعل اور صدر محمود عباس آج شام کو دوبارہ امیرقطر سے دوحہ میں ان کے شاہی محل میںملاقات کریں گے۔
ڈاکٹر ابو مرزوق کا کہنا تھا کہ دوسری ملاقات کے ایجنڈے میں بھی غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی فوجی جارحیت کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔
قبل ازیں امیرقطر اور فلسطینی قیادت نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے حملے روکنے کے لیے عالمی برادری سے صہیونی ریاست پر دبائو ڈالنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔